RSS

Tag Archives: یوروپی

جلتے سراب!


جلتے سراب!

میں کچھ دیر سے پہنچا تھا۔ وہ ایک نواحی پہاڑی بستی ہے۔
میں سمجھ گیا تھا کہ رات پھر گھمسان کا رن پڑا تھا ۔ اور میدان کارِزار ۔ابھی تک گرم ہے ۔دونوں میاں بیوی ایک دوسرے سے رُوٹھے منہ بنائے ۔ابھی تک منہ لٹکائے ہوئے تھے ۔
جوزیبپ اور ماریہ ۔ یہ دونوں ہسپانوی میاں بیوی میرے پرانے جاننے والوں میں سے ہیں ۔عام یوروپی جوڑوں کی طرح ۔ ان کے بھی ابھی بچے نہیں ہیں۔ دونوں اعلٰی تعلیم یافتہ اور کاروباری ہیں ۔ خلوص کے بندے ہیں۔ میرے سبھی یوروپی شناسا لوگ ۔میری مسلمانی سمیت مجھے دوست رکھتے ہیں ۔ کبھی کسی نے نماز پڑھنے ۔ رمضان کے روزے رکھنے اور شراب نہ پینے اور سؤر کا گوشت نہ کھانے پہ اچھنپے کا اظہار نہیں کیا ۔ بلکہ کسی حد تک میرے دینی معاملات کا احترام کرتے ہیں ۔ خاص کر رمضان الکریم میں یورپی عادت کے مطابق دوپہر کے بعد سے بھُوک کی وجہ سے خریت پوچھتے اور دلاسہ بھی دیتے ہیں کہ بس اب روزہ افطاری میں کم وقت رہ گیا ہے۔ یا ممکن ہے یوں ہوا ہو کہ وہی لوگ میرے تعلق میں رہ گئے ہوں جو باہمی احترام کا شعور رکھتے ہیں۔ بدلے میں ، میں بھی انکے مشاغل میں مخل نہیں ہوتا اور انکی ذاتی زندگی کا ۔انکے معاملات کا احترام کرتا ہوں۔
آج کل دن بہت اجلے اور دُہلے ہوئے ہوتے ہیں۔آسمان صاف اور شفاف نظر آتا ہے۔ د ن کو ہر سُو چمکتی خوشگوار سی دھوپ آنکھوں کو بھلی محسوس ہوتی ہے ۔پیر کو مقامی چھٹی ہونے کی وجہ سے میں نے اپنا آفس جمعہ کی دوپہر کو تین دن کے لئے بند کر دیا تھا۔ ایسے میں گھرمیں اکیلے دن کو رات اور رات کو دن کرنا مشکل ہو جاتا ہے۔
جوزیبپ اور ماریہ ۔ نے لمبے ویک اینڈ پہ ایک جنگل میں ایک راوئتی فارم ہاؤس بُک کروا رکھا تھا ۔جوزیبپ اور ماریہ نے بہ إصرار اس لمبے ویک اینڈ پہ مجھے مدعو کر رکھا تھا ۔میں انکے گھر قدرے تاخیر سے پہنچاتھا۔ جہاں سے ہم نے فارم ہاؤس جانا تھا ۔ وہاں انکے کچھ اور دوست بھی مدعو تھے۔دونوں میاں بیوی کبھی کبھار نہائت خلوص اور جوش سے ایک دوسرے کی خبر بھی لیتے ہیں۔ دونوں الگ الگ مجھ سے ملے ۔میں نے کچھ دیر سمجھایا ۔آخر کار واپس شہر لوٹ جانےکی میری دہمکی کار گر ثابت ہوئی ۔تھوڑی دیر میں دونوں شیر شکر۔اپنی گاڑی میں ضروری سامان رکھ رہے تھے۔
کہنے کو تو یہ ایک بستی ہے مگر بلا مبالغہ اس بستی کا رقبہ کسی بڑے قصبے سے کم نہیں ۔علاقہ جدی پشتی امراء کا ہے ۔ جو بدلتے وقتوں میں نئے تقاضوں کے مطابق اپنے آپ کو ڈھال کر انتظامیہ کے بڑے عہدوں پہ فائز ہیں ۔اور ہر ویک اینڈ اور چھٹی پہ اپنی بڑی بڑی حویلیوں کو لوٹ جاتے ہیں۔چند ایک ایکڑوں پہ پھیلی حویلیوں میں۔ الپائن کے بڑے بڑے درختوں کے بیچ ۔کھلی جگہ پہ انکا قومی جھنڈا ۔اس بات کی گواہی دیتا ہے کہ یہاں کوئی ایسا اعلٰی حکومتی عہدیدار مقیم ہے ۔ جس کی اقامت اس بات کی متقاضی ہے ۔کہ اس اعلٰی (وی آئی پی ) حکومتی عہدیدار کے حفظ و مراتب (پروٹوکول)کے مطابق اِس ملک کا قومی جھنڈا لہرایا جانا ضروری ہے۔
ویسے تو بستی کو اور بھی راستے جاتے ہیں ۔ مگر ان میں قابل ذکر تین راستے ہیں ۔ایک تو سمندر کے ساتھ ریلوے لائن کے متوازی بہتی قومی شاہرا ہ ہے جو بحیرہ روم کے ساحل کے ساتھ پیچ وخم کھاتی سمندر کنارے ساحلی بستیوں اور قصبوں میں سے لہراتی ہوئی فرانس کو نکل جاتی ہے۔اس پہ جائیں تو علاقائی تجارتی مرکز سے کچھ گیارہ کلومیٹرز آگے جا کر یک دم تقریبا نوے کے زاویے پہ الٹے ہاتھ کو گھوم کر ساحل سے نسبتا کچھ دور بلندی پہ واقع چند کلومیٹرز چلتی ہوئی ۔ موٹر وے کے کے لئیے بنے پُل کے نیچے سے گزرتی ہوئی مذکورہ بستی کی مضافاتی ایکڑوں پہ پھیلی اور مختلف سرسبز درختوں سے ڈہکیں حویلیوں میں جا نکلتی ہے۔ حویلوں میں اونچے اور صدیوں پرانے چیڑھ ا یعنی لپائن کے بڑے بڑے دیو قامت درختوں نے ۔حویلوں کو اپنے اندر چھپا رکھا ہے ۔ جس وجہ سے۔ عام نظر سے یہ پتہ نہیں چلتا کہ کہاں سے حویلی کی حدختم ہوئی اور کب جنگل شروع ہو گیا۔ کچھ حویلیوں کا بیرونی احاطہ پہاڑی نشیب فراز کے ساتھ ساتھ اونچا نیچا ہوتا چلا جاتا ہے ۔ حفاظتی حصار کے طور لگائی گئی باڑھ اور ان پہ جگہ بہ جگہ الارم ۔مسلح گارڈز اور خوانخوار کتوں کی تنبیہ کی لگے بورڈوں سے پتہ چلتا ہے ۔کہ جنگل اور حویلی کی حدود کہاں ہیں۔ ایکڑوں پہ پھیلے حویلیوں کے رقبوں ۔ پہ جگہ بہ جگہ بنی روشیں اور اُن کے اس سرے پہ بنے گیٹ۔ اور دور اندر بنے نوکر پیشہ کے لئیے بنائے گئے گھرنظر آتے ہیں۔
اس بستی کو جانے کا دوسرا رستہ ۔ موٹر وے پہ ناک کی سیدھ میں چلتا۔ پچھلے علاقے کے تجاری مرکزی قصبے سے، الٹے ہاتھ کو بل کھا کر سیدھا اوپر کو اٹھتا ہے۔ اور وہاں سے ایک ذیلی راستہ۔ موٹر وے کو چھوڑ کر پھر اسی راستے سے جا ملتا ہے۔ جو بحیرہ روم کی طرف سے آنے والی سڑک ہے اور یہاں پہنچ کر وہ موٹر وے کے نیچے سے نکلتی ہے۔اور موٹر وے اوپر پُل سے گزر تا ہے۔
تیسرا رستہ وہ ہے جو شاہراہ یا موٹر وے سے نزدیکی تجارتی قصبے سے ایک سڑک کی صورت پہاڑیوں کے ساتھ ساتھ متواتر اوپر چڑہتا چلا جاتا ہے اور تقریبا نصف فاصلے پہ پہنچ کر کچھ ہموار سطح پہ ۔زلفِ یار کے پیچ وخم کی طرح گول گول گھومتا ۔ہر موڑ پہ پہاڑی کے پیٹ میں سے ہو کر برآمد ہوتا ہے ۔ یہ سڑک کے اس حصے کا ٹاپ یعنی سب سے اونچی اونچائی ہے ۔ جہاں سے نیچے ترائی میں ۔ایک طرف ننھی منی پہاڑیوں کی کے ارد گرد۔ الپائن ۔ چیڑھ کے جھنڈوں اور جا بجا پھلوں اور پودوں کی نرسریوں کا ایک سلسلہ پھیلا ہوا ہے ۔ جن کے اوپر سے دور بہت دور ۔ کئی کلومیٹرز کے فاصلے پہ ۔ بحیرہ رُوم کے متوازی بہتی سڑک اور ریلوے لائن کے اُس پار ہمیشہ کی طرح ساکت اور پوری آب و تاب سے صدیوں کا عینی شاہد بحیرہ رُوم کھڑا ہے ۔ خاموش مگر ہزاروں سال کی انسانی تہذیب اور تمدن کا چشم دید گواہ ۔
اس تیسرے رستے کے الٹے ہاتھ پہ گھنا اور تاریک جنگل ہے۔ جس میں گاہے گاہے ۔ اکا دُکا کچھ لوگوں نے دور کہیں جنگل کے اندر گایوں اور دیگر جانوروں کے افزائش نسل کے لئیے روائتی فارم بنا رکھے ہیں ۔ سڑک کی الٹی سمت سے ۔ان فارموں کو جاتے نیم پختہ راستے اور ان پہ لگے چھوٹے چھوٹے بورڈا ُدہر جنگل میں انسانی وجود کا پتہ دیتے ہیں۔ سڑک گول گول گھومتی ۔ یکایک پہاڑی کے پیٹ میں سے ہو کر برآمد ہوتی ہے ۔سڑک کے دورویہ قدرتی طو ر پہ اُگے پھولوں کے تختے ۔ یہاں سے وہاں تک بہار کا پتہ دیتے ہیں۔ سبزہ اور رنگ برنگے قدرتی پھول ۔ مٹی ۔پتھروں اور چھوٹی موٹی چٹانوں کو برابر اپنے وجود سے ڈھانپے ہوئے ہیں۔ کہیں کہیں اوپر سے رستا۔ کسی چشمے سے بہتا پانی۔ ننھی لکیر سی بناتا ، سڑک کے الٹے کنارے پہ ہی کسی زمین دوز رستے میں گُم ہو کر سڑک کے نیچے سے ۔ سیدھے ہاتھ کو ترائی میں کہیں گُم ہو جاتا ہے۔ اس سڑک پہ گاڑی پارک کرنے یا ویویو پوائنٹ کے طور مناسب جگہ بہت ہی تھوڑی ۔یا نہ ہونے کے برابر ہے۔ جہاں سے روشن دنوں میں ۔ عصر کے وقت ۔ دُور نیچے سمندر کے اُس پار تک ۔ جہاں تک نظر جاتی ہے۔ سوُرج پگھلے ہوئے سونے کے سیال کی طرح۔ دل کو بھانے والی سنہری دہوپ بکھیرتا ہے۔
رات رکنے کے بعد ہر کوئی دن کو جدہر جس کے سینگ سمائے نکل گیا ۔ جنگل یا سمندر پاس ہو اور چھٹی ہو تو گھر کون بیٹھتا ہے۔
میں چپکے سے گاڑی لے کر گول گھومتی چکر دار پہاڑیوں سے نکلتا ۔ نیچے وادی میں واقع سمندر کے برابر بہتی سڑک کی طرف نکل آیا ۔
سامنے تا حدِ نگاہ بحرہ روم پھیلا ہوا تھا۔ہمیشہ کی طرح پرسکون اور اور پر اسرار۔ اپنے اندر انگنت کہانیاں اور افسانے چھپائے ہوئے۔صدیوں کو اپنے سینے میں سموئے۔ اکا دکا آبی پرندےچیخ کر سطح سمندر پہ ڈبکی لگاتے اور ابھرتے۔ کچھ ساعتوں میں، دور مغرب میں سورج غروب ہوا چاہتا تھا۔ دن کے وقت سن باتھ لینے والے کب کے جاچکے تھے۔ ساحل سمندر خالی ہوا پڑا تھا۔ ادہر ادہر کچھ جوڑے اپنی رومانی دنیا میں کھوئے راز ونیاز کر رہے تھے۔
میں نے اپنے پیچھے سڑک کے اُس طرف، دوسرے کنارے ایکڑوں پہ پھیلی ۔ چھٹی کی وجہ سے بند مارکیٹ کے ساتھ پارکنگ ایریا میں گاڑی کھڑی کی تھی۔مارکیٹ کے نزدیکی بار سے کچھ اسنیکس اور ایک مشروب کا ٹھنڈا کین خرید کر سڑک اور سڑک کے بالکل متوازی چلتے، ریلوے کے دوہرے ٹریک کو ان پہ بنےہوئے پُل کو پیدل چل کر عبور کیا اور ساحل سمند کی طرف آگیا۔
پل پیدل چلنے والوں کی سہولت کے لئیے ہے۔اوراسکی سیڑہیاں ساحلِ سمندر پہ اترتی ہیں۔ اِس طرف درختوں کے دو چار جھنڈ ہیں جن کے ساتھ ساتھ بنچوں کی قطاریں بنی ہیں اور ایک طرف کچھ فاصلے سے صاف پانی کے فوارے کی سی شکل میں شاور بنے ہیں۔ جہاں دن کو سن باتھ لینے والے گھر جاتے وقت سمندری پانی کے نمک اور ریت سے جان چھڑاتے ہیں۔
دور کہیں ڈوبتے سورج کی روپہلی کرنیں سامنے سطح سمندر پہر سونا بکھیر رہی تھیں۔نمازِ مغرب بھی کچھ دیر باقی تھی۔ یہ ساحل عام آبادی سے ہٹ کر ہے۔ ساحل پہ سوائے سمندرکی لہروں کے اضطراب اور آبی پرندوں کے کوئی آواز نہیں تھی ۔ ایک خاموشی کا سا تاثر ابھرتا تھا۔
”کن سوچوں میں کھوئے ہو؟ اداس نہ ہوا کرو۔ آسمان کے اس پار جانے والے لوٹ کر واپس نہیں آیا کرتے”۔ایک بھولی بسری شناسا سی آواز سنائی دیتی محسوس ہوئی۔
میں نے بینچ پہ بیٹھے ہوئے، اچانک چونک کر پیچھے مڑ کر دیکھا۔
درختوں کے جھنڈ میں گھری حویلی ۔زمین کو چھوتی شاخوں والے آموں کے پیڑ ۔ پانی کے چھڑکاؤ سے اٹھتی مٹی کی سوندھی خوُشبؤ۔ نیم کے درخت والے دالان میں بچھی کرسیاں۔دیوار کے ساتھ ساتھ لگے رات کی رانی کے پودے سامنے آدھ کھُلے چوبی پھاٹک سے شیشم کے درختوں کے دو رویہ قطاروں کے بیچوں بیچ کھیتوں سے گزرتی بڑی سڑک کو ملاتی نیم پختہ سڑک۔ اور وہ مہربان آواز۔ آناََ فاناَ ۔ پُھر سے ۔ غائب ہوچکے تھے اور ریلوے ٹریک سے ایک سبق رفتارٹرین شور مچاتی گزر گئی تھی اور سمندر کے اس کنارے پہ پھر وہی خالی ساحل اور خاموشی تھی۔میں نے خالی کین کو بنچ کنارے لگی کوڑا سمیٹنے والی ٹوکری میں اچھال دیا۔

 

ٹیگز: , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , ,

نظریہ پاکستان اور بے تُکی تنقید کا فیشن ۔



نظریہ پاکستان اور بے تُکی تنقید کا فیشن ۔

سماجی شناخت اور فکری قحط سالی کے عنوان سے شاکر عزیز اپنے بلاگ پہ رائے دیتے ہوئے گویا ہیں ۔ ۔”مزے کی بات یہ ہے کہ دو قومی نظریے کے مطابق برصغیر کو جغرافیائی بنیادوں پر تقسیم نہیں ہونا چاہیئے تھا۔ اگر ہوتا تو سارے مسلمان ایک طرف، ہندو ایک طرف، سکھ ایک طرف، عیسائی ایک طرف، پارسی ایک طرف ہوتے۔ لیکن ہوا کیا؟ جغرافیے کی بنیاد پر تقسیم کر کے پیچھے بچے مسلمانوں کو بے یار و مددگار چھوڑ دیا گیا ایک "کافر” ملک میں۔ویسے تو کانگریسی مسلمان رہنماؤں کا ایک آرگیومنٹ ہے لیکن یہاں فٹ بیٹھ رہا تھا۔“۔Muhammad Shakir Aziz at May 1, 2013 at 11:43 PM

دنیا میں میں جب بھی دو یا دو سے ذیادہ قومیں الگ ہوئیں اور انہوں نے الگ ملک قائم کئیے تو نئے ”حقائق “ وجود میں آئے۔ جنہوں نے نئی ریاست یا ریاستوں کی حد بندی کی وجہ سے وجود پایا۔ بر صغیر پاک و ہند کی تقسیم کے بارے آپ فرما رہے ہیں کہ بر صغیر کی تقسیم جغرافیہ کی بنیاد پہ ہوئی اور آپ نے اپنی اس دلیل کا کوئی ثبوت مہیاء نہیں کیا۔ اگر واقعتا یوں ہوتا تو بر صغیر کی تقسیم کے لئیے ۔ صوبوں کے حدودر اربعے کے مطابق ۔پنجاب میں ہندؤ مسلم اور سکھ کی تمیز کئیے بغیر صرف پنجابی ہوتے اور کوئی دوسری قومیت نہ ہوتی ۔ اور اسی طرح سندھ میں سندھی ہوتے خواہ وہ کسی بھی مذھب کے ہوتے ۔ اتر پردیش میں مذہبی تخصیص کے بغیر یو پی والے اور بہار میں بہاری اور بنگالے میں ہندؤ مسلم اور دیگر مزاہب کے بنگالی ہوتے۔ یا پھر برصغیر میں واقع مختلف وادیوں پہ تقسیم ہوتی تو اسے جغرافیائی تقسیم کہا جاتا ۔ جبکہ ہندؤستان کی تقسیم ہر کلیے اور قانون کے تحت ہندؤستان کے بڑے مذاہب کی الگ۔ الگ شناخت اور اکھٹے مل کر نہ رہ سکنے کی کوئی صورت نہ ہونے کی وجہ سے ہوئی۔ اس وقت کی انگریزی سرکار ۔ ہندؤ ۔ مسلمان اور دیگر مذاہب کے تسلیم شدہ نمائیندؤں کے باہم سالوں پہ مبنی گفت و شنید اور نئی اور آزاد ریاستوں کے وجود کے لئیے ممکنہ لوازم اور ضوابط پورا کرنے کے بعد برصغیر پاک ہند کو صرف اور صرف دو مذاہب کے ماننے والوں کو دو قومیں (دو قومی نظریہ) کے وجود کے تحت جہاں اور جس علاقے میں جس قوم کی اکثریت تھی انھیں وہ علاقے دو نئی ریاستوں ۔ پاکستان اور بھارت کا نام دے کر دو نئے ملک دنیا کے نقشے میں وجود میں لائے گئے۔ دونوں ملک بن گئے ۔ ( قطع نظر اس بات کے کہ ریڈ کلف باؤنڈری کمیشن اور آخری انگریز وائسرائے ماؤنٹ بیٹن نے ہندؤں سے ملی بھگت کر کے سرحدوں کے تعین میں ڈنڈی ماری اور کشمیر کا تنازعہ پیدا کیا ا مگر اس وقت یہ ہمارا موضوع نہیں) سر حدوں کا اعلان ہوگیا۔ ہر دو طرف کے شہریوں کو پتہ چل گیا کہ انکے علاقے کون سے ملک میں شامل ہورہے ہیں۔ انھیں اپنے اپنے ملک کی طرف ہجرت کرنا پڑی ۔ جو زبان ۔ صوبے ثقافت۔ یا قبیلے (قبیلے کی بنیاد اسلئیے بھی لکھ رہا ہوں کہ ایک ہی وقت میں پنجاب میں کئی قبیلے مسلمان ۔ سکھ اور ہندؤ مذہب میں بٹے ہوئے تھے۔ اور سندھ میں بھی کئی قبائل کے مختلف مذاہب تھے ) کی بنیاد کی بجائے مذہب یعنی دو قومی نظریہ کی بنیاد پہ وجود میں آئے  ۔ اور ہندؤستان کے مسلمان باسی اپنے مذہب ۔ ہندؤں سے جداگانہ تشخص کی بنیاد پہ اپنے ملک پاکستان کو چل پڑے ۔ یہ باتیں تو تاریخی طور پہ طے ہیں اور واقعتا ہیں ۔ اور واقعہ کو جھٹلانا ناممکن ہوتا ہے۔ اسلئیے ہندؤستان میں ہنود اور مسلمانوں کے جداگانہ تشخص کی بنیاد پہ یہ طے ہوا کہ ہندؤستان میں دو بڑی قومیں ہندؤ اور مسلمان بستی ہیں ۔ اور یوں دوقومی نظریہ کی بنیاد پہ نظریہ پاکستان وجود میں آیا جو بالآ خر الحمد اللہ پاکستان کے معرض وجود میں آنے کا سبب بنا ۔
سر راہ یہاں ایک بات کی وضاحت کرنا ضروری ہے۔ ہندؤستان کے مسلمانوں کی نمائندہ جماعت مسلم لیگ کے سربراہ قائد اعظم محمد علی جناح رحمۃ اللہ علیہ نے آغاز میں اس بارے انتہائی مخلصانہ کوششیں کیں کہ ہندؤؤں کی نمائندہ جماعت کانگریس کے رہنماؤ ں سےمفاہمت کی کوئی صورت نکل آئے ۔ مگر ہندؤ قوم کے رہنماء کسی صورت میں مسلمانوں کے حقوق تسلیم کرنے کو تیار نہیں تھے ۔ ہندؤ رہنماؤں کی مغرور ۔ متکبرانہ ہٹ دھرمی کی وجہ سے کوئی مفاہمت نہ ہوسکی ۔ مسلمان اکابرین اور رہنماؤں نے اپنی سیاسی بصیرت سے یہ اندازہ لگا لیا تھا کہ متحدہ ہندؤستان میں مسلمان ہندؤں کے مقابلے پہ ایک انتہائی اقلیت ہونے  اور ہندؤں کے بغض اور کینہ پروری کی وجہ سے مسلمان تیسرے درجے کے شہری اور محض ہندوؤں کے غلام بن کر رہ جائیں گے۔اور ایک وقت آئے گا کہ مسلمانوں کو بہ حیثیت مسلمان اپنا جداگانہ تشخص برقرار رکھنا نا ممکن ہوجائے گا ۔ اور ہندؤوں کی بے جا ضد ۔ مسلمانوں کے لئیے عدم احترام ۔مسلمانوں کے حقوق کو تسلیم کرنے سے انکار ۔ اور متکبرانہ رویے کی وجہ سے پاکستان ۔ پاکستانی قوم وجود میں آئی ۔ جب اس بات کا احساس ہندؤ نیتاؤں کو ہوا کہ مسلمان تو ہم کو سیاست میں مات دے گئے ہیں۔ اسوقت تک برصغیر کے مسلمان۔ پاکستان اور پاکستانی قوم کی صورت میں انکے ہاتھ سے نکل چکے تھے۔ اور بھارتی برہمن حکومتیں تب سے ۔اب تک یہ کوشش کر رہی ہیں کہ کسی طور پاکستان کو ایک دفعہ زیر کر لیں اور انھیں غلام کی حثیت دیں ۔ ہندؤستان پہ  ایک ہزار سال کے لگ بھگ مذہب و ملت کی تفریق کیئے بغیر سب کے لئیے یکساں  مسلمانوں کی حکومت کا بدلہ مسلمانوں کو غلامی کی زنجریں پہنا کر چکائیں۔ بھارت ہمارا حریف اور روائتی دشمن ہے ۔ بھارت کی حد تک تو یہ سمجھنے کوشش کی جاسکتی ہے کہ بھارت اپنے مکرو فریب سے دو قومی نظریہ باالفاظِ دیگر نظریہ پاکستان (جو پاکستانی قوم اور ریاست کی اساس ہے) کے بارے شکوک اور شبہے پھیلانا بھارت اپنا فرض سمجھتا ہے اور ہندؤ رہنماء اور بھارت اپنی روائتی دشمنی نباہتے ہوئے تقریبا پچھلی پون صدی سے نظریہ پاکستان ۔ پاکستانی قوم۔ریاست پاکستان کی مخالفت میں سر توڑ بازی لگارہے ہیں اور ہر گزرنے والے دن کے ساتھ پاکستان اور نظریہ پاکستان کے خلاف پروپگنڈاہ مہم کی شدت  میں اضافہ کرتے جارہے ہیں ۔ مگر جو بات سمجھ میں نہیں آتی کہ پاکستانی قوم کے کچھ لوگ دیدہ دانستہ یا نادانستگی میں تاریخ کا بازو مروڑ کر پاکستانی قوم اور ریاست پاکستان کی عمارت کی بنیاد نظریہ پاکستان کو دن رات نہ جانے کس خوشی میں کھود رہے ہیں؟ اور محض اس وجہ سے پاکستان اور نظریہ پاکستان سے بیزار ہورہے ہیں۔ کہ انھیں نظریہ پاکستان معاشرتی علوم یا مطالعہ پاکستان میں پڑھایا جاتا رہا ہے ۔ انھیں نظریہ پاکستان کو رٹا لگا کر اس مضمون کو پاس کرنا پڑتا رہا ہے۔ اور وہ برے دن ان کو ابھی تک یاد ہیں ۔جبکہ یہ نظریہ۔ پاکستان کے آئین میں درج ہے ۔ اور تقریبا دنیا بھر کے ممالک میں آئین سے انحراف پہ سخت ترین سزائیں دی جاتیں ہیں۔  جبکہ پاکستان میں آئین اور آئینی بنیادوں کو مذاق بناتے ہوئے یہ فیشن سا بنتا جارہا ہے ۔ کہ جس کا دل چاہتا ہے وہ اپنے ملک اور قوم کے بارے مکمل معلومات حاصل کئیے بغیر محض کچھ نیا کرنے کے لئیے ۔ کچھ جدت پیدا کرنے کے لئیے ۔ پاکستان کی نظریاتی اساسوں پہ بر خلاف تاریخ اور آئین۔ تابڑ توڑ حملے کرنا فرض سمجھتا ہے ۔ کہ پاکستان انکا ملک نہ ہوا۔ غریب کی جورو ٹہری ۔ جس بے چاری سے۔ جس کا دل چاہے۔ دل لگی کرتا پھرے ۔ کوئی ہاتھ پکڑنے والا نہیں ۔کوئی  روکنے والا نہیں ۔ اس طرح جس کا دل کرتا ہے ۔ روز ایک نیا ”کٹا“ ( بھینس کا بچھڑا جو کھل جائے تو اسے دوبارہ باندھنے میں دقت ہوتی ہے)کھول دیتا ہے کہ ملک قوم سے دلچسپی رکھنے والے ۔ اپنے ملک کی عزت کو مقدم جاننے والے ایسے ”کٹوں“ کو باندھنے میں جی ہلکان کرتے پھریں۔ لہٰذاہ پاکستان اور پاکستانی قوم کو ہانکنے کا ارادہ کرنے سے پہلے۔دو قومی نظریہ ، نظریہ پاکستان اور اپنی تاریخ کا بغور مطالعہ کر لینا چاہئیے کہ نظریہ پاکستان سے لاکھ چڑ اور بغض رکھنے کے باوجود امرواقع قسم کی چیزیں تبدیل نہیں ہوا کرتیں۔ اور نظریہ پاکستان خواہ کسی کو کتنا ہی برا لگے مگر یہ ایک امر واقعہ ہے ۔ اور تاریخ اس  امر واقعہ کی شاہد ہے۔
آپ مزید ارشاد فرما ہیں ”جغرافیے کی بنیاد پر تقسیم کر کے پیچھے بچے مسلمانوں کو بے یار و مددگار چھوڑ دیا گیا ایک "کافر” ملک میں“۔
اسپین میں انیس سو چھتیس 1936ء سے لیکر انیس سو انتالیس 1939 ء تک دنیا کی بدترین خانہ جنگیوں میں سے ایک بد ترین خانہ جنگی ہوئی۔ ۔ خانہ جنگی سے قبل بھی بڑا عرصہ حالات خراب رہے ۔ اس خانہ جنگی کے فورا بعد جنگ عظیم ہوئی۔ اسپین میں کئی دہائیوں تک مخالفین کو چن چن کر سزائے موت دی گئی ۔ فائرنگ اسکواڈ کے سامنے سے گذارا گیا ۔ خانہ جنگی اور دوسری جنگ عظیم ۔ کے دوران اور بعد میں صدیوں سے اسپین میں بسنے والے شہری ۔ محض سیاسی اختلاف کی وجہ سے اسپین چھوڑ کر درجنوں لاکھوں کی تعداد میں جان کے خوف سے سمندر پار جنوبی اور سنٹرل امریکہ ۔ روس۔ اور یوروپ کے دیگر ممالک میں جا بسے ۔ جن میں سے اکثریت وہیں آباد ہوگئی اور لوٹ کر واپس نہ آئی۔ اکثر وہیں مر گئے ۔ سبھی ممالک میں اسپین کے سفارتخانوں میں ایسے درجنوں لاکھوں شہریوں کا داخلہ ۔ انکا اندراج ۔ پاسپورٹس بنانا۔ وغیرہ ممنوع قرار پایا۔ ان شہریوں کے بچے جو تب چھوٹے تھے ۔ جوان ہوئے اور انہی ممالک کی بود وباش اپنا کر واپس نہ لوٹے۔ اور انکا اندراج اور اسپین سے باہر ان ممالک میں ۔جہاں انکی اولادیں پیدا ہوئیں ۔وہاں انکی پیدائش کا اندراج اسپین کے سفارتخانوں میں نہ کیا گیا۔اسپین کا شمار یوروپ کے بڑے اور اہم ممالک میں کیا جاتا ہے۔ کئی ہزار سال پہ مشتمل تاریخ کی حامل قوم ہے ۔ تقریبا ہزار سال کے لگ بھگ  کےمسلم دور کو یہ مسلم ہسپانیہ کے دور کے نام سے یاد کرتے اور پکارتے ہیں۔ اور اپنی تاریخ کا مسلم دور سے بھی ہزاروں سال قبل سے آغاز کرتے ہیں۔ یعنی اسقدر قدیم قوم ہے ۔اور تمام قدیم قوموں کی طرح ۔ ہر قسم کا سانحہ برادشت کرنے کی قوت اور برداشت رکھتی ہے  اور یہ بھی واضح ہو کہ اسپین کی شہریت یعنی نیشنلٹی ۔ بائی بلڈ ۔ بائی برتھ ۔ ہے۔ ہسپانوی والدین کی اولاد جہاں بھی پیدا ہو۔ انھیں ہسپانوی گنا جائے گا۔ ایک وقت آیا کہ اسپین میں جنگ جیتنے اور تقریبا چالیس سال کے لگ بھگ حکومت کرنے والا آمر جرنل فرانکو طبعی موت مر گیا۔ اسپین میں جمہوریت اور باشاہت بحال ہوئی ۔ بائیں بازو کی وہ جماعتیں اور سوشلسٹ اور کیمو نسٹ رہنماء جو تب خانہ جنگی میں جنگ ہار گئے تھے اور دوسرے ملکوں میں جا کر پناہ لے چکے تھے ۔ان سب کو باقاعدہ قانون سازی کے تحت معاف کرتے ہوئے ۔ قومی دھارے میں شامل ہونے کے لئیے ان سے واپس آنے کی اپیل کی گئی ۔ اور سابقہ کھاتے بند کرتے ہوئے ایک نئے اسپین کا آغاز ہوا۔سیاسی جماعتوں کے رہنماء اور بہت کم لوگ ۔ چیدہ چیدہ شہری واپس آئے۔ اسپین میں عام انتخابات ہوئے ۔ بائیں بازو کی جماعتیں جیت گئیں اور مسلسل کئی بار انتخابات جیتیں۔ نیا آئین بنا ۔ حقوق بحال کئیے گئے ۔ اسپین ترقی کی منازل تیزی سے طے کرنے لگا ۔ یوروپی یونین کا رُکن بننے کے بعد ترقی کی رفتار اور بڑھ گئی۔ اس دوران جنوبی امریکہ کے حالات سازگار نہ رہے اور وہاں سے پرانے زندہ یا مر جانے والے ہسپانوی تارکین وطن ۔ سیاسی پناہ حاصل کرنے والوں کی نسلوں نے اسپین واپس آنا چاہا ۔ مگر تب اس بارے قانون سازی کرتے ایک وقت لگا اور قانون سازی کرنے والی بھی بائیں بازو کی جماعتیں تھیں ۔ جن کے  حامی بے وطن ہوئے تھے۔ اور چاہتے تھے کہ فرانکو اور اسکی حکومت کے ظلم و ستم کے ستائے ان تارکین وطنوں کو  اتنی لمبی سزا سے نجات ملے۔لیکن اسپین نے اپنے پرانے  جلاوطن ، تارکین وطن اور انکی اولادوں کے کے لئیے سرحدیں عام نہیں کیں اور اس دور کے کئی ایک سیاسی رہنماء جو آمر جنرل فرانکو کی طبعی موت کے بعد واپس آئے اور انہوں نے انتخابات جیتے ۔انہوں نے ہسپانوی ریاست کے بے وطن لوگوں کے لئیے جو قانون بنایا ۔وہ یوں تھا کہ اس دور کے ہسپانوی شہریت رکھنے والے کے پوتے یا نواسے تک کی نسل اگر یہ ثابت کر دے کہ انکا باپ یا دادا ۔یا۔ نانا ہسپانوی تھا ۔ تو انھیں تمام قواعد ضوابط کے پورے کرنے کے بعد ہسپانوی شہریت دی جائے گی۔ اور پڑپوتے ۔ پڑپوتییوں سمیت اگلی نسلوں کو ہسپانوی شہریت  نہیں دی جائے گی۔ یعنی  کہ بہت سے لوگوں کے نہ صرف  پوتے اور نواسے  جوان ہوچکے تھے۔ بلکہ پڑپوتیاں اور پرپوتے بھی جوان تھے مگر ہسپانوی شہریت سے محروم تصور کئیے گئے ۔ اور یہ محض چند ہزار لوگ ہونگے ۔جو اسپین کی شہریت حاصل کر کے اس سے فائدہ اٹھاتے ہوئے ۔یوروپ میں تعلیم ۔۔ کاروبار ۔ روزگار یا بودو باش رکھنا چاہتے تھے۔
اسپین یوروپی یونین کا رکن ہے اور انسانی حقوق کے سبھی قوانین کا نہ صرف احترام کرتا ہے بلکہ دوسرے ممالک میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا نوٹس بھی لیتا ہے ۔ تو سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ محض چند ہزار اپنے ہی تارکین وطن شہریوں کی نسل کو ایک ہی وقت میں ہسپانوی شہریت دینے میں کیا امر مانع تھا؟ ۔ ذمہ داران نے افراد کے مفاد پہ ریاست کے مفادات کو ترجیج دی ۔حالانکہ قانون سازی کرنے والے خود بھی کئی دہائیاں در بدر ٹھوکریں کھاتے رھے اور انہی کی طرح کے سیاسی خیالات رکھنے والے لوگوں کی اولاد کی شہریت کا معاملہ تھا۔
اس مثال سے محض یہ واضح کرنا چاہتا ہوں کہ ایک ایسی ریاست جو ترقی یافتہ ہے ۔ اور ہر قسم کے مسائل کے لئیے وافر وسائل کی مالک قوم ہے ۔ وہ بھی اسقدر احتیاط سے کام لیتی ہے کہ مبادا ریاست کے معاملات خراب نہ ہو جائیں ۔ اور آمرانہ حکومت کے جبر سے مجبور ہو کر جلاوطن ہونے والے اپنے شہریوں کی  نسل پہ  اسپین کی عام سرحدیں نہیں کھولتی۔  اب جبکہ اپ پاکستان کے بننے کے اتنے سالوں بعد۔ کروڑوں افراد کے لئیے  یہ مطالبہ پاکستان سے کر رہے ہیں۔ جبکہ بھارت میں بسنے والے مسلمانوں کی طرف یہ مطالبہ بھی سامنے نہیں آیا ؟۔ افراد پہ قوموں اور ریاستوں کے مفادات کی ترجیج مقدم سمجھی جاتی ہے ۔ جبکہ اسکے باوجود جب پاکستان بنا اسکی سرحدیں طے ہوئیں تو ہندؤستان سے لاکھوں مسلمان ہجرت کر کے پاکستان آئے اور اور درجنوں لاکھوں متواتر اگلے کئی سال تک پاکستان پہنچتے رہے ۔ اور پاکستانی شہریت حاصل کرتے رہے ۔ اور پاکستان نےسالوں اپنے دل اور دروازے مسلمانوں کے لئیے کھلے رکھے۔ اگر تب ان سالوں میں ہندؤستان کے سبھی مسلمان پاکستان ہجرت کر آتے تو انھیں کسی نے منع نہیں کرنا تھا ۔ وہ ایک عام پاکستانی کی حیثیت سے آج پاکستان کے شہری ہوتے ۔ اور انکی نسلیں بھی یہاں آباد ہوتیں ۔ ممکن ہے اس دور میں پاکستان کے پہلے سے خستہ حالت مسائل میں کچھ اور اضافہ ہوجاتا ۔ مگر آہستہ آہستہ ترقی کی نئی راہیں کھل جاتیں ۔ جب پاکستان بنا تو تاریخ گواہ ہے ۔ کہ نسل انسانی میں اتنی بڑی ہجرت ۔ اتنی تعداد میں ہجرت ۔۔ اور اسقدر نامساعد حالات میں ہجرت ۔اس سے پہلے دو ملکوں کی تقسیم پہ کبھی نہیں ہوئی تھی۔ اسلئیے اس آسانی سے کہہ دینا کہ پاکستان میں بسنے والے پاکستانی بھارتی مسلمانوں کو بے یارو مدگار چھوڑ آئے ۔ یہ درست نہیں اور حقائق کو توڑ مروڑ کر پیش کرنا ہے ۔ اوپر اسپین کی مثال دینے کا مقصد یہ تھا کہ اگر پاکستان کے مقابلے میں ایک پر امن ۔ ترقی یافتہ اور ہزاروں سال پہ مبنی تاریخی وجود رکھنے والا ملک افراد پہ ریاست اور قوم کے مفادات کو ترجیج دیتا ہے ۔ تو پھر پاکستان کے پاس کون سی معجزاتی طاقت ہے کہ وجود میں آنے کے تقریبا ستاسٹھ سالوں کے بعد آپ کے بقول بے یارو مددگار چھوڑ دیے گئے کروڑوں افراد کو اپنے اندر سمو سکے؟ ۔
آج بھی بھارت کے مسلمانوں کے دلوں کے ساتھ پاکستانی مسلمانوں کے دل دھڑکتے ہیں۔ ہم ذاتی حیثیت میں اس بات کے قائل ہیں کہ اس کے باوجود بھارتی مسلمانوں کو مخصوص حالات میں پاکستانی شہریت کے تمام قواعد ضوابط پورے کرنے والوں کو اگر وہ خواہش کریں تو انہیں شہریت دینے کا کوئی رستہ کھلا رہنا چاہئیے ۔ ممکن ہے چیدہ چیدہ لوگ اگر پاکستان میں آباد ہونا چاہییں تو ایسا کرنا ممکن ہو ۔مگر جب ریاست اور قوم کی سالمیت اور مفادات کی بات ہوگی تو قوم اور ریاست کو اولا ترجیج دی جائے گی ۔ ان حالات میں آپ کا یہ سوال کرنا ہی بہت عجیب سا ہے ۔ کہ وہ لوگ جو ہندوستان میں رہ گئے انکو بے یارو مددگار چھوڑ دیا گیا ۔ اس سوال میں خلوص کم اور عام پاکستانی اور بھارتی مسلمانوں کے دلوں میں پاکستان کے بارے شکوک ابھارنے کی کوشش کا تاثر زیادہ ابھرتا ہے۔
نوٹ :۔ شاکر عزیز صاحب کے بلاگ پہ مختصر سی رائے دینے سے کئی پہلو تشنہ رہ جاتے اسلئیے اس تحریر کو یہاں لکھنا مناسب سمجھا۔

 

ٹیگز: , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , ,

شیخ السلام ؟ طاہر القا دری ۔لانگ مارچ ۔بلوچستان اور پس پردہ عزائم ۔


شیخ السلام ؟ طاہر القا دری ۔لانگ مارچ ۔بلوچستان اور پس پردہ عزائم ۔

کیا شیخ کوا س لئے میدان میں اتارا گیا ہے کہ ایک اور المیہ وجود میں آئے اور خدا نخواستہ مشرقی پاکستان کی طرح بلوچستان کا ٹنٹنا ختم کرتے ہوئے ریاست پاکستان کو دیوار کے ساتھ لگا دیا جائے؟۔

ایک عام رائے یہ ہے کہ شیخ کے پیچھے افواج پاکستان کا ہاتھ ہے۔ اور کچھ نہ کچھ ایسا ہے۔ جو شیخ پاکستان کا موجودہ جمہوری نظام ملیا میٹ کرنے کا مطالبہ الیکشن کمیشن کو منسوخ کرنے کا ایک نکتہ فائر کرنے کے بعد باقی چھ نکتے اسلام آباد میں ظاہر کرنے کی دھمکی لگا کر عازمِ اسلام آباد ہوئے ہیں۔ افواج پاکستان سے غیر ضروری طور پہ ہمدردی کئیے بغیر ۔ ہماری رائے میں افواج پاکستان اس وقت ایک سخت اور کٹھن دور سے گزر رہی ہیں۔ جس کے چاروں اطراف قسما قسمی کے مختلف رنگ روپ کے بھیڑیے اور لکڑ بھگے غرا رہے ہیں ۔ اور مشرقی سرحدوں پہ ازلی دشمن نے بھی اپنی ازلی کمینگی کا ایک بار پھر ثبوت دیتے ہوئے ۔ بغیر کسی وجہ کے مدتوں بعد ۔کنٹرول لائن جنگ بندی۔ نامی معائدے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے۔ نہ صرف یکے بعد دیگرے پاکستان آرمی کے دو جوان شہید کر دئیے ہیں۔ بلکہ ہنوز سرحد پار سے گیدڑ بھھبکیاں اور دہمکیاں لگا رہا ہے۔اس لئیے خیال یہ ہے کہ افواج پاکستان ان حالات پہ کبھی بھی نہیں چاہیں گی۔ کہ پاکستان کے اندر حکومتی کاروبار کی بلا بھی ان کے سر آپڑے ۔ تو پھر سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ قوت و وسائل کے وہ کونسے خفیہ و اعلانیہ سر چشمے ہیں جن کی بناء پہ شیخ ۔اسلام آباد پہ غیر آئینی و غیر قانونی اور غیر اخلاقی طور پہ چڑھ دوڑے ہیں؟۔

شیخ کو کس نے یہ اختیار دیا ہے کہ وہ اچانک پاکستان وارد ہوں اور غیر آئنی طور پہ وہ پاکستان کی قسمت کا فیصلہ کرنے نکل کھڑے ہوں۔ وہ بھی اس صورت پہ جب انتخابات کا ڈول ڈالے جانے والا ہے۔ پاکستان کی انتخاباتی تاریخ میں پہلی دفعہ ایک سول حکومت دوسری سول حکومت کو اختیار و اقتدار منتقل کرے گی؟۔ وہ کونسا ایساقانون ہے جو شیخ کو اپنے ذاتی نظریات کے زور پہ پاکستان میں انتشار پھیلانے اور عوام کو بے سُود ہیجان میں مبتلاء کرنے کی اجازت دیتا ہے؟۔

شیخ۔ کامل اتنے سالوں سے کنیڈا کی شہریت سمیت ۔کنیڈا میں اپنی ذاتی تنظیم منہاج القرآن کی تنظیم و تدوین و ترغیب میں مصروف رہے۔ ذاتی اس لئیے کہ شیخ موصوف اسکے بانی اور صاحبزادہ گان اور بہوئیں اور زوجہ محترمہ اسکے ڈائریکٹر ز ہیں ۔ اور ایک ہاتھ کی انگلیوں پہ گنے جانے والے۔ شیخ کے منظور نظر چند باہر کے افراد شیخ کے نامزدہ ہیں۔اور جمہوریت نام کی شئے کی انکی تنظیم میں کوئی جگہ نہیں۔ ان سالوں میں جب شیخ اور شیخ کے ماننے والے ہر اسلامی اور غیر اسلامی طریقوں سے اور مغرب کے لئیے دلآویز ناموں اور طور طریقوں سے اپنی نامی تنظیم کو پاپولر بنانے کی کوشش کر رہے تھے ۔تو اسوقت شیخ کو پاکستان کی محبت کیوں نہ جاگی؟ جبکہ ایک وقت تھا کہ شیخ پاکستان کی قومی اسمبلی کے رُکن تھے اور شیخ چاہتے تو پاکستان میں رہ کر جمہوری طور طریقوں سے پاکستان کی خدمت ۔لانگ مارچ۔ نامی ہیجان اور انتشار برپا کئیے بغیر زیادہ بہتر طریقے سے کر سکتے تھے ۔ یوں اچانک پاکستان وارد ہونا اور عین اسوقت پہ جب جمہوری طریقے سے قوم کو اپنی تاریخ میں پہلی بار نئے نمائندوں کو نااہل اور سابقہ نمائندوں سے بدل ڈالنے کا موقع ملنے والا ہے۔تو شیخ کے پاس کونسا اختیار اور اخلاقی جواز بنتاہے جس کی بناء پہ وہ چھ خفیہ نکات لیکر پورے ملک کے جمہوری نظام کو لپیٹنے کا مطالبہ کر رہے ہیں؟۔

شیخ نے اپنے لانگ مارچ کو کئی ایک شاعرانہ اور دل خوش کُن نام دینے کے بعد ”جمہوریت بچاؤ“نامی نام دیا ہے۔ جبکہ شیخ کی اپنی ذاتی تنظیم میں جمہوریت نامی کوئی شئے نہیں۔ اور شیخ کے نزدیک مختلف ممالک میں وہی لوگ شیخ کے لئیے کارآمد ہیں۔ جو انکی تنظیم کے لئیے مفید ثابت ہوں اور غیر مشروط طور پہ انھیں ہر طور اسلامی اور غیر اسلامی طور پہ شیخ تسلیم کریں۔ غیر اسلامی کی کوئی حد نہیں ۔ شیخ کے منظور نظر اور یوروپ کے ممالک میں تحریک منہاج القرآن کے کرتا دھرتا یہ لوگ تنظیم منہاج القرآن کے لئیے یوروپی ممالک میں یوروپی بنکوں سے سود پہ قرضہ لے کر۔ اپنی تنظیم کے نام سے مساجد اور مرکز قائم کرنے میں ذرا بھر ندامت محسوس نہیں کرتے ۔نماز جمعہ اور عیدین کے اجتماعات میں سادہ لوح پاکستانی اور مختلف ممالک کے سادہ لوح مسلمانوں کو حقیقت بتلائے بغیر صفوں کے سامنے سے تھیلے بھر بھر کر رقومات مسجد کے لئیے اکٹھی کرتے ہیں اور اس سے بنکوں کے سودی قرضے بھی چکائے جاتے ہیں۔ اور سود پہ مساجد بنانے کے بارے سوال پوچھے جانے پہ برملا اپنے انٹرویوز اور نماز جمعہ اور نماز عیدین پہ مساجد بنانے کے لئیے سود پہ قرضہ لینا جائز بیان کرتے ہیں ۔انکی تنظیم شاید وہ واحد تنظیم ہے جو نائن الیون کے ٹوئن ٹاورز کے المیے کے بعد مغربی ممالک میں زیر عتاب نہیں ہوئی بلکہ کئی طور پہ مراعات اور یوروپی سیاستدانوں کی توجہ پاتی رہی ہے ۔یہاں تک بعض یوروپی ممالک میں انہوں نے منہاج القرآن نامی تنظیم کو ”پیس وے “ یعنی ”امن کا راستہ“ نامی نام سے متعارف کروایا ہے تانکہ نائن الیون کو ٹوئن ٹاورز کے المیے کے بعد یہ تاثر عام ہو کہ منہاج القرآن نامی تنظیم ہی وہ تنظیم ہے جو مغرب کے لئیے فائدہ مند ہونے کی وجہ سے منظور نظر ہوسکتی ہے۔

شیخ کا ماضی کسی سے ڈھکا چھپا نہیں کہ ہم اس پہ روشنی ڈالیں۔ مقصد شیخ کے پس پردہ مقاصد سے پردہ اٹھانے کی اپنی سی کوشش کرنا ہے۔ شیخ کے خوابوں ۔ شہدا کو جگانے ۔ اور قوالی کی اس محفل جس کے بول ” بت خانہ ہو یا کعبہ۔ طاہر سجدے تجھے ہم کئیے جائینگے“ جیسی محفلوں میں سجدہ کروانے ۔ پاؤں چومے جانے پہ کسی طور بغیر نادم ہوئے یا منع کئیے بغیر ۔ نفس کی تسکین کے ہلکورے لیتے مناظر کے ویڈیوز ۔ پاکستان میں توہین رسالت صلی اللہ علیہ وسلم نامی قانون کے بنائے جانے کا اور اس قانون کے تحت مسلم اور غیر مسلم و کافر کو کتے کی طرح مار دئیے جانے کا کریڈیٹ لینا اورڈنمارک کے ایک ٹی وی چینل کے انٹرویو کے میں کیمرہ کے سامنے۔ اس قانون کے بننے بنائے جانے کے عمل سے مکمل طور پہ برائت کا اعلان اور اس قانون کے ناقص عمل کا بیان اور شیخ موصوف کےاسطرح کے دیگر ویڈیوز۔ یو ٹیوب۔ فیس بُک اور دیگر میڈیا کی سائٹس پہ تھوڑی سی جستجو کے بعد سینکڑوں کے حساب سے دیکھے جاسکتے ہیں۔ جن سے صرف ایک ہی بات کا پتہ ملتا ہے کہ شیخ کو اپنے نفس کی تسکین سے والہانہ دلچسپی ہے ۔ جن میں شیخ کی خود پسندی ہر طور۔ہر انداز میں جھلکتی نظر آتی ہے۔
آخر ایسے آدمی کو ایسی کیا سوجھی کہ وہ پاکستان کے خاردار سیاست میں کود پڑا ؟۔ خیال ہے کہ شیخ جن دنوں کنیڈا میں تزکیہ نفس کا عندیہ دے رہے تھے۔ عین انھی دنوں میں کچھ ایسی طاقتیں جو روز اول سے پاکستان کے وجود کے در پے ہیں۔ شیخ کو اپنے مفادات کے لئیے بھرتی کر چکی تھیں ۔اور شیخ کو پاکستانی جذباتی عوام کے سامنے مسحیا کے طور پیش کرنے کا فیصلہ کر چکی تھیں ۔ بعین اسی طرح جس طرح انہوں نے الطاف حسین اور عمران خان کو یکے بعد دیگر میدان میں اتارا اور بوجہ انتہائی ناکامی کے شیخ طاہر القادی کو میدان میں اتارنے کا فیصلہ انکی اسلامی چھاپ کی مضبوط تنظیم اور ان سےعقیدتمندوں کا والہانہ اسلامی شوق دیکھ کر کیا۔ اور شیخ ایک عام مولوی اور لیکچرار سے اتنی تیزی سے ترقی کرنے کے بعد اپنے روایتی خود پسند نفس کے ہاتھوں اپنے آپ کو ریاست پاکستان کے سربراہ بننے کے خوآب آنکھوں میں سجائے اس لانگ مارچ کا ڈول ڈالنے پہ تیار ہو گئے ۔قطع نظر اس کے کہ انکے اس لانگ مارچ سے پاکستان کی سالمیت کو کس قدر نقصان پہنچ سکتا ہے۔

عالمی سامراج یہ تجربہ اس سے قبل مشرقی پاکستان کو توڑنے کے لئیے کر چکا ہے ۔

ایک رائے ہے کہ امریکہ افغانستان کی بے مقصد جنگ سے نکلنے پہ مجبور ہونے کی وجہ سے ۔ افغانستان سے نکلنے سے قبل اور نکلنے کے عمل کے دوران ۔اپنے پرانے مربی بھارت کو آزاد بلوچستان کی صورت میں یاکم از کم بلوچستان میں بھرپور شورش کی صورت میں۔ بھارت کو اسکی چاپلوسیوں کا انعام دینا چاہتا ہے ۔ اور امریکہ میں کچھ لوگ یہ تصور کئیے اور خار کھائےبیٹھے ہیں۔ کہ جب تک ایک مضبوط اور جمہوری پاکستان کا وجود باقی ہے۔ تب تک افغانستان اور خطے میں امریکی مفادات کی کھلم کھلا تکمیل ہونا ناممکن ہے ۔ امریکہ اسی صورت میں افغانستان پہ اپنا تسلط قائم رکھ سکتا ہے اگر مفادات کے ”کچھ لو اور کچھ دو “ کے معروف لین دین کے عالمی پیمانے میں پاکستان کو کسی طور کہیں سے مجبور کیا جاسکے۔ تانکہ پاکستان افغانستان میں سے اپنی دلچسپی ختم کر کے۔ اپنی بقاء کی بھیک عالمی گماشتوں سے مانگنے پہ مجبور ہو جائے ۔ عالمی گماشتوں کی نظر میں پاکستان کے بڑے شہروں میں امن و امان کی صورتحال ۔ گیس ۔ پانی ۔ بجلی ۔ کے خطرناک بحران اور ٹیلی فون سمیت دیگر مواصلاتی نظام کی تباہی کے علاوہ ۔بلوچستان میں شورش کا بڑھانا شامل ہے ۔ شورش !جس میں بھارتی تربیت اور وسائل استعمال کیئے جارہے ہیں۔ جوں جوں افغانستان سے امریکی افواج منظر عام سے گُم ہونگی ۔افغانستان میں طالبان کے اثرو رسوخ میں اضافہ ہوگا۔ افغانستان میں بھارتی مفادات پہ کاری ضرب پڑے گی ۔اسلئیے عالمی طاقت اور بھارت کی نظر میں۔ ایک ایسے وقت میں جب پاکستان میں تاریخی تبدیلی اقتدار ممکن ہونے جارہا ہے ۔ پاکستان کو فوری طور پہ غیر مستحکم کرنے کے اس سنہری موقع سے فائدہ اٹھانا بہت ضروری ہو گیا ہے ۔ تانکہ پاکستان میں نمائیندہ اور عوامی و جمہوری حکومت کی عدم موجودگی کی وجہ سے روز بروز پاکستان کے وجود کو لاحق ہونے والے خطرات سے بچاؤ کے فیصلے کرنا۔ ایک غیر جمہوری حکومت کے لئیے ناممکن ہوگا ۔ کیونکہ ایک غیر جمہوری حکومت کا اول آخر مقصد۔ محض اپنے وجود کا جواز پیدا کرنا اور اسے بچانا ہوتا ہے۔ ایسے میں قومی مفادات پس منظر میں چلےجاتے ہیں اور انکی حیثیت ثانوی سی ہو کر رہ جاتی ہے۔ غیر جمہوری حکومت کا بازو مروڑ کر اپنی مرضی کے فیصلے لینا۔ عالمی استعمار کے لئیے بہت آسان ہوگا ۔ یہ تجربہ عالمی طاقت پاکستان میں بار ہا دہرا چکی ہے ہے اور اسمیں ہمیشہ کامیاب رہی ہے۔

ہم تسلیم کرتے ہیں کہ جمہوریت دنیا کا بہترین نظام حکومت نہیں۔ مگر آمرانہ طرز حکومت کے مقابلے پہ ایک بہتر نظام ہے۔ جس طرح تیل کو بار بار چھاننی سے چھانے جانے کے بعد ہر بار آلائشوں سے پاک اور صاف تیل سامنے آتا ہے ۔ اسی طرح کسی ملک میں جمہوری نظام کے چلتے رہنے سے نئے ۔ اچھے لوگ ۔ اور دیانتدار قیادت سامنے آنے کے امکانات دیگر فی زمانہ رائج الوقت نظاموں سے کہیں ذیادہ ہیں ۔ اور جتنی دفعہ اتنخابات ہونگے عوام میں شعور بڑھتا جائیگا ۔ اور ایک دن وہ خود ہی اپنے لئیے ایک بہترین نظام چننے میں کامیاب ہوجانئگے۔یہ وہ وجہ ہے کہ اس جمہوریت کی بساط لپیٹنے کے لئیے ۔ عالمی گماشتوں نے طاہر القادری کو میدان میں اتارا ہے ۔ اور اس مقصد کے لئیے پہلے سے پاکستان کے اندر ان طاقتوں کے مفادات کی تکمیل کے لئیے ان عالمی طاقتوں کے ہاتھوں میں کھیلنے والے لوگوں کو پہلے سے ہی اشارہ کر دیا گیا ہے ۔ جو طاہر القادری کا لانگ مارچ کامیاب ہونے کی صورت میں اپنی کوششوں کا آغاز کرنا ہے ۔اور عین ممکن ہے کہ امن و عامہ کی صورتحال ہاتھ سے نکلتے دیکھ کر حکومت کی نالائقی پہ فوج کو میدان میں اترنا پڑے اور جمہوریت کی بساط ایک دفعہ پھر لپیٹ دی جائے۔ جو بلوچستان میں شورش کو علیحدگی کی حد تک بڑھا دینے کا نکتہ آغاز ہو گا۔ اگر حکومت پاکستان اپنی نالائقی سے کوئٹہ میں اس حد تک مجبور ہوجاتی ہے کہ وزیر اعلٰی کو فارغ کر دیا جاتا ہے ۔تو یہ شیخ کے دھرنے کے کے لئیے مہمیز ثابت ہوگا۔ بلوچستان میں انتہائی سنگدلی سے اٹھاسی افراد کی ہلاکت ۔ حکومت کی نالائقی ۔ دھرنا۔ اور بلوچستان حکومت کی برطرفی کا مطالبہ اور شہر فوج کے حوالے کرنے کا اصرار۔ پاکستان کی مشرقی سرحدوں پہ چھیڑ چھاڑ ۔ مغربی سرحدوں پہ فوج پہ بم حملوں میں اضافہ ۔ ایسے میں شیخ کے لانگ مارچ کی ٹائمنگ حیران کُن ہے۔ 

عوام اب اس حد تک باشعور ہو چکے ہیں کہ اب کسی ابن الوقت کے ہاتھوں میں کھیلنے کو تیار نہیں ۔ اور انہیں اس بات کا بخوبی احساس ہو چکا ہے کہ تبدیلی یا انقلاب وہی دیرپا ہوتا ہے جو پُر امن ہو اور اس دفعہ عوام کو کامل پانچ سال بعد تاریخ میں پہلی بار تبدیلی قیادت کا موقع مل رہا ۔ ہماری نظر میں لانگ مارچ کے کامیاب ہونے کے امکانات نہ ہونے کے برابر ہیں ۔ایک مرد قلندر نے کہا تھا۔ عالمی استعمار کا یجینڈا اپنی جگہ لیکن مشیت ایزدی کی منصوبہ بندی بہر حال اس پہ فوقیت رکھتی ہے ۔اور شاید اس دفعہ مشیت ایزدی پاکستان کے ساتھ ہے۔

 

ٹیگز: , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , ,

 
%d bloggers like this: