RSS

غلط فہمی۔رنجش اور اعتراضات۔

غلط فہمی۔رنجش اور اعتراضات۔

نوٹ:۔ اس تحریر کے وجود میں آنے کا فوری سبب محترم اجمل بھوپال صاحب کے بلاگ پہ محترم عبدالرؤف صاحب کی رائے ہے۔

صحت مند مباحث ہی صحت مند معاشروں کی ضامن ہوتی ہے۔ مباحت ہوتی رہے تو اصل مسائل اور حقائق کا پتہ چلاتے ہوئے مناسب اور جائز حل تجویز کئے جاسکتے ہیں۔ ورنہ دائروں میں بند ہوکر۔ دائروں کے سفر سے۔ قوموں اور افراد کی ذہنی بالیدگی نہ صرف رک جاتی ہے۔ بلکہ وہ خوفناک شکل اختیار کر لیتی ہے۔ جوبدقسمتی سے پچھلے پیسنٹھ سالوں سے دائروں میں بند سفر کے نتیجے میں آجکل پاکستان میں ظاہر ہورہی ہے۔ خولوں میں بند ہوجانے سے اور کسی قسم کا اخراج نہ ہونے کی وجہ سے اچانک حادثات اور سماجی دھماکے ہوتے ہیں اور ہم حیران ہو کر پکار اٹھتے ۔”نہیں۔ جناب یہ تو ناممکن ہے ۔ ایسے نہیں ہوسکتا۔ یہ ممکن نہیں۔ یہ کیسے ہوا؟خبر کی صداقت میں ضرور کوئی گڑ بڑ ہے ۔ بھلا کوئی یوں بھی کرسکتا ہے؟۔” جب کہ یوں ہوا ہوتا ہے اور عقل اسے تسلیم کرنے سے عاری ہوتی ہے۔ غصے،لاعلمی ، اندھی جذباتیت، اور ریاستی بے حسی کی سے وجہ لوگ ایک فاترالعقل اور مجنوں شخص کو پولیس کے ہاتھوں سے چھڑوا کر ہزاروں کے مجمع کی شکل میں اسے پکڑ کر  چوک کے بیچ میں زندہ جلا دیتے ہیں۔ اور وہ بھی قرآن کریم ۔ اس کلام پاک کی مبینہ بے حرمتی کو جواز بنا کر جس کے ذریعے دین اسلام پھیلا اور لوگ امن اور رحمت کی پناہ میں آئے۔ اور اس طرح کسی انسان کو زندہ جلا دینا اسلام کی تعلیمات اور عظمت کے نہ صرف منافی ہے ۔بلکہ ایسے کسی فعل کو اسلام نے نہ صرف جرم قرار دیا ہے۔ بلکہ اس پہ سزا اور حدود مقرر کی ہیں۔ مگر صدمے اور افسوس کی حد ہے کہ ایسے خوفناک اور مکروہ فعل میں حصہ لینے والوں نے اسی قرآن اور دین اسلام کو جواز بنایا۔ جبکہ اسلام انسانوں کو زندہ جلانے جیسی کسی حرکت کی اجازت دینا تو درکنار بلکہ اس پہ سخت حدود مقرر کرتا ہے۔ اور ہماری اخلاقی بے حسی کا یہ عالم ہے کہ ہزاروں کے مجمع میں سے کسی کو اس ظلم پہ آواز بلند کرنے کی توفیق اور جرائت نہ ہوئی۔ ایسے واقعات میں ریاست بھی برابر کی قصور وار ہے۔ اگرریاست ایسے واقعات پہ از خود نوٹس لیتے ہوئے عدالتوں سے ”حساس“ معاملوں میں مجرم لوگوں کو قرار واقعی سزا دلوانے کا چلن رکھتی۔ توشاید لوگوں میں حساسیت اور جزباتیت کا یہ عالم نہ ہوتا کہ وہ خود ہی اشتغاثہ، قاضی اور جلاد کے فرائض سرانجام دیتے۔ دائروں میں میں بند ہونے اور نتیجاً انسانی برداشت کے بند ٹوٹنے کی یہ ادنٰی سی مثال ہے اور اجتماعی خود کشی کی ایک علامت ہے ۔ ڈائیلاگ ۔ بات چیت اور کسی لیول پہ بھی کوئی شنوائی نہ ہونے پہ۔ بے بس اور دیوانگی کی حدود کو چھوتے غصے میں لوگ کچھ بھی کر گزرتے ہیں۔

اسلئیے کم ازکم ایک صحت مند معاشرے کے لئیے ہر لیول پہ صحت مند مباحثت کا ہونا از بس ضروری ہے۔ دہائیوں پہ مشتمل محرومیوں اور بے بس لوگ جب کسی کے ساتھ۔ آپ کے ساتھ۔۔ یا اور کے ساتھ مباحثت یا بات چیت کا آغاز کریں گے۔ تو انکی تلخی سمجھ میں آنے والی بات ہے۔ عام طور پہ ہر دو پارٹیاں شروع میں تلخ گوئی سے معاملات شروع کرکے عموما دہیمی اور سلجھی گفتگو پہ اتفاق کرتی ہیں۔ اور مسائل کے حل کے لئیے قابل قبول سمجھوتے پہ اتفاق کر لیتی ہیں۔ اسلئیے آپکی تلخی یا اسی طرح پاکستانی قوم کے حقوق سے محروم کسی دیگر طبقے یا افراد کی تلخی سمجھ میں آنے والی بات ہے اور میری رائے میں اس میں تعصب کا پہلو نہیں نکلتا۔
میرے پہلے تبصرے میں فوج یا کسی ریاستی ادارے کی بے جا توصیف تحسین قطعی طور پہ نہیں تھی۔ بلکہ جس تبصرے کے جواب میں، میں نے لکھا تھا ۔ اس تبصرے میں ایک بچگانہ ضد کے طور پہ جان بوجھ کر فوج اور پنجاب کو لازم ملزوم کرنے کی بھونڈی سی کوشش کی گئی ہے۔ شاید کچھ لوگ یہ بھول جاتے ہیں کہ جب بھی پاکستان میں فوج یعنی جنرل ایوب ۔ جنرل یحیٰحی۔ جنرل ضیاءالحق اور جنرل مشرف نے غیرآئینی اور فوجی حکومتیں بنائیں۔ تو ایسی حکومتوں اور فوجی جرنیلوں کے خلاف پنجاب کے عوام نے سب سے زیادہ مزاحمت کی اور قربانیاں دیں۔ اسلئیے اہل پنجاب پہ یہ الزام تھوپنا کہ فوجی جرنیل۔ وطن عزیز کی اصطلاح کو محض پنجاب کے لئیے استعمال کرتے ہیں یعنی دوسرے لفظوں میں انھیں ملک کے دوسرے حصوں کے کوئی غرض نہیں۔ نیز اہل پنجاب کو اسکا ذمہ دار ٹہرایا جائے۔ تو یہ نہائت بے ہودہ اور دل آزار رویہ ہے اور اہل پنجاب کے ساتھ ذیادتی ہے۔ اس لئیے اپنی حماقتوں۔ ناکامیوں کواور اپنے مکروہ مفادات کی تشنہ تکمیل کو خواہشات کا نام دیتے ہوئے اہل پنجاب یا کسی بھی دوسرے صوبے یا قومیت پہ ملبہ ڈال دینا احسن اقدام نہیں۔ جبکہ پنجاب سے بغض رکھنے والے یہ وہی لوگ ہیں جو کل تک مشرف کی فوجی حکومت میں شریک تھے۔ اس کی حکومت حصہ دار تھے اور اقتدار کے کیک میں سے اپنے جثے سے بڑھ کر حصہ کاٹنے والوں کو یہ بات زیب ہی نہیں دیتی کہ وہ کسی دوسرے پہ اپنا گند اچھالیں۔
اسمیں پنجابی، سندھی، پٹھان یا بلوچ کی کوئی بحث نہیں مندرجہ بالا پیرائیوں میں اصل صورت حال بیان کرنے اور شکوک کم کرنے کی ایک ادنٰی سی کوشش ہے۔
نیزآپکی اس بات سے قطعی طور پہ اتفاق نہیں کہ پنجاب یا خیبر پختوان خواہ یا پاکستان کے کسی بھی دیگر علاقے یا صوبوں میں کراچی ۔ سندھ یا بلوچستان یا پاکستان کے کسی بھی دیگر حصے سے محض اسلئیے دلچسپی ہے کہ اسے ساحل سمند ر کی ضرورت ہے یا کسی دیگر ضرورت کی وجہ سے یوں ہے۔ بلکہ دنیا کی سابقہ تاریخ اور دنیا میں رائج الوقت ریاستی اصولوں کے مطابق پاکستان کے تمام جملہ قدرتی وسائل پہ پاکستان کے سبھی حصوں اور شہریوں کا برابر کا حق ہے۔ اگر کہیں کسی وجہ سے کچھ اختلافات ہیں تو انہین باہمی گفت و شنید سے حل کیا جانا چاہئیے۔
میری ذاتی رائے میں اپنے مسائل کی وجوہات کو ایک دوسرے کے سر منڈھنے کی بے فائدہ کوششوں کی بجائے، ہمیں ان وجوہات کی جڑیں تلاش کرنی چاہئیں اور ان استحصالی قوتوں کا احتساب کرنا چاہئیے۔ جنہوں نے پاکستان بنتے ہی بار بار چہرے بدل کر پاکستان کو لوُٹا ۔کھسوٹا۔ نچوڑااور جی بھر کے عیش کی ۔ ملک و قوم کے نام پہ اپنی تجوریاں بھریں۔ اپنے اثرو رسوخ اور اقتدار و اختیار کو دوام بخشا۔ یہ طبقہ ہمیشہ سے پاکستان میں موجود رہا ہے اور دن بدن ترقی کرتے ہوئے اب پاکستان کے لئیے نہ صرف ایک مسئلہ بن چکا ہے۔ بلکہ پاکستان کی سالمیت کے لئیے بھی نہائت خطرناک ہوچکا ہے۔ اور پاکستانی عوام کے ہر قسم کے حقوق چھنینے کے بعد اب ان کے منہ سے روزی روٹی اور آخری نوالہ تک چھین لینا چاہتا ہے۔ تانکہ بے کس۔ بے بس اور بے ہمت عوام اس طبقے کے ہاتھوں بے چون چرا ہر قسم کے ظلم پہ آنکھیں بند کر لیں۔ اس طبقے کی بہت سی شکلیں ہیں۔ یہ اپنے مفادات کے لئیے کبھی بھی۔ کوئی سی بھی شکل اپنا لینے میں باق ہے ۔ خواہ وہ شکل فوجی جرنیل کی ہو یا سیاستدان کی۔ نودولتئے ہوں یا نام نہاد قائد یا رہنماء ۔ یہ وہ لوگ ہیں جو آپس میں رشتے داریاں کرتے ہیں۔ تانکہ یہ مافیاز مذید مضبوط ہوں۔ اور انگریزی محاورے کے طور ایک دوسرے کی پیٹھ کی حفاظت کرتے ہوئے اسے مضبوط کر سکیں۔ اس طبقے میں جرنیل۔ جاگیردار۔سردار۔ میڈیا اور بزنس کے ٹائی کون۔ بیورکریٹس۔ سیاہ ست دان ۔ پاکستان میں فرقہ، فرقہ کا کھیل کھیلنے والے۔ نام نہاد رہنماء اور قائد یا بوری بند لاشوں کے مافیا سربراہ ۔ جنہوں نے قوم کو لیر لیر کر دیا ہے۔کپڑے کی کترنوں کی طرح کانٹ چھانٹ کے رکھ دیا ہے۔ جو سادہ لوگوں کو جھوٹے نعروں اور بھوکوں کو پیٹ بھر کر روٹی کے خواب دکھلا کر پوری قوم کر باہم دست بہ گریبان کئیے ہوئے ہیں۔
فرض کر لیں بلوچستان ہی نہیں پاکستان کا ہر صوبہ۔ ہر ضلع ۔ تحصیل بلکہ تھانے تک آزاد ہوجائیں اور خدانخواستہ پاکستان کا وجود تک نہ رہے۔ تو کیا پاکستان میں دودھ اور شہد کی بہنے لگیں گی؟۔ دودھ اور شہد کی نہریں بہنا تو کجا بلکہ میرے۔ آپکے اور پاکستان کے عام آدمی کے۔عام عوام کے۔ حالات بدلنے کی بجائے انکے لئیے کئی نئی قسم کے فساد جنم لیں گے۔ اور اس صورت میں بھی وسائل اور لوگوں کی قسمت کا مالک وہی طبقہ ہوگا۔ جو اس فساد کا ذمہ دار ہے۔ یعنی مسئلے کا حل ملک کے کسی حصے کی علحیدگی میں نہیں ۔ ملک کی تقسیم کوئی حل نہیں۔ بلکہ یہ بجائے خود ایک مسئلہ اور بالادست طبقے کے ھاتھ مضبوط کرنے کا جواز ہے۔ اور یہی انکی سازش ہے کہ اگر پاکستان میں چار صوبے ہیں تو انہیں آٹھ کر لو کہ چلو۔ بندر بانٹ سے چار نئے وزاءاعلٰی۔ گورنرز۔ ہزاروں آسامیاں اور نئی اسمبلی اور صوبائی اسمبلیوں کے نئے سینکڑوں رکن ۔ تو فائدہ کس کو ہوا؟ اسی طبقے کو!۔ جو آج بھی مندرجہ بالا تمام سبھی عہدوں کا بلاشرکت غیرے حصہ دار اور قابض ہے۔ خواہ اسکا نام اور پارٹی یا ادارہ کوئی سا بھی ہو۔ یعنی موجاں ہی موجاں ۔
اس لئیے ضروری ہوگیا ہے کہ اگر جدو جہد کرنی ہے تو ایسے لوگوں یا طبقات کے خلاف علم بلند کی جئیے۔ جو آج پاکستان کے ھر حصے میں عام عوام کی محرومی کا سبب ہیں۔اور یہ جدو جہد پُرامن ہونی چاہئیے ۔ جس میں تشدد کا پہلو یا عنصر نہ ہو۔ تشدد کا ویسے بھی فی زمانہ دور نہیں۔ اور تشدد کے ذریعے حاصل کئیے گئے نتائج کبھی دیرپا ثابت نہیں ہوتے۔ علم کو عام کی جئیے۔ لوگوں میں بیداری اور آگہی کی مہم کا آغاز کی جئیے۔ برادشت اور تحمل کو فروغ اور رواج دیں۔ یہ رستہ بظاہر ناممکن کی حد تک مشکل نظر آتا ہے ۔ مگر یہ ہی وہ واحد راستہ ہے جو قوموں کو دوام بخشتا ہے۔ اور جو قومیں اس رستے سے ادہر ادہر ہوئیں وہ قصہ پارینہ بن گئیں۔
خوش رہئیے۔
نوٹ:۔ اس تحریر کا مقصد صوبائی۔ لسانی۔ علاقائی یا دیگر کسی تعصب کو ہوا دینا نہیں ہے۔ کسی صوبے، یا کسی قومیت کو کسی دوسرے صوبے یا قومیت سے برتر یا کم تر ثابت کرنا نہیں ہے۔ اور نہ ہی ایسی کسی لا یعنی بحث کو چھیڑنا ہے جس سے کسی قسم کے تعصب کی بُو ائے۔ البتہ ایک بہتر ڈائیلاگ اور بات چیت کو اپنانا مقصود ہے۔ہمارے لئیے پاکستان کے سبھی صوبے اور اسکے عوام قابل احترام ہیں۔

Advertisements
 

جواب دیں

Fill in your details below or click an icon to log in:

WordPress.com Logo

آپ اپنے WordPress.com اکاؤنٹ کے ذریعے تبصرہ کر رہے ہیں۔ لاگ آؤٹ / تبدیل کریں )

Twitter picture

آپ اپنے Twitter اکاؤنٹ کے ذریعے تبصرہ کر رہے ہیں۔ لاگ آؤٹ / تبدیل کریں )

Facebook photo

آپ اپنے Facebook اکاؤنٹ کے ذریعے تبصرہ کر رہے ہیں۔ لاگ آؤٹ / تبدیل کریں )

Google+ photo

آپ اپنے Google+ اکاؤنٹ کے ذریعے تبصرہ کر رہے ہیں۔ لاگ آؤٹ / تبدیل کریں )

Connecting to %s

 
%d bloggers like this: